عالمی ادارہ صحت کو فنڈنگ پر روک لگانے کا اعلان : ٹرمپ

,

   

کورونا وائرس کی وباء پر تاخیر سے کارروائی کرنے کا ڈبلیو ایچ او پر الزام

واشنگٹن۔ 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے کل کہا کہ وہ عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کیلئے امریکہ کی امداد پر پابندی عائد کردیں گے۔ انہوں نے کورونا وائرس وباء کے بیچ ادارہ کی تمام توجہ چین پر مرکوز کرنے کی مذمت کی۔ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امریکی شہری شدید دباوَ اور مشکلات کا شکار ہیں۔ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورونا پر عالمی ادارہ صحت نے تاخیر سے کاررو ائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کو امریکہ سے بہت سے فنڈز ملتے ہیں جو 58 ملین ڈالرس سے بھی زیادہ ہیں۔ لیکن آئندہ ادارہ کو فنڈز دینے کے معاملے پر سوچیں گے۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او چین کے زیادہ قریب ہے جس نے چین کیلئے سرحد یں کھلی رکھنے کا غلط مشورہ دیا۔واضح رہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ریاستوں میں امریکہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 2000 افراد ہلاک ہو گئے۔ اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی یہ ریکارڈ تعداد ہے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق امریکہ میں ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہزار 781 ہوگئی ہے۔ امریکہ میں 3 لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔دنیا کے تمام ممالک میں کورونا وائرس کے سبب 78,114 افراد فوت ہوچکے ہیں جب کہ 13 لاکھ 79 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔