غزہ ۔ 13 ستمبر (ایجنسیز) غزہ جنگ اور مشرق وسطیٰ سمیت تمام اہم عالمی خبروں کی لائیو اپ ڈیٹس یہاں ملاحظہ کیجیے۔ حماس کے زیرانتظام غزہ سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق جمعہ کو اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوئے، جن میں 35 افراد غزہ شہر میں اور 15 دیگر علاقوں میں مارے گئے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کے سب سے بڑے شہری مرکز غزہ سٹی پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جسے وہ حماس کا آخری گڑھ قرار دیتا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے کئی ارکان نے خبردار کیا ہے کہ غزہ سٹی پر یہ شدید حملے پہلے سے ہی تباہ حال انسانی صورتحال کو مزید بگاڑ دیں گے، جہاں اقوام متحدہ پہلے ہی قحط کا اعلان کر چکی ہے۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایک مشترکہ بیان میں فوری طور پر اس فوجی کارروائی کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ اس سے شہری ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور بنیادی ڈھانچا تباہ ہو رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ غزہ سٹی میں ’’دہشت گردوں کے انفرااسٹرکچر اور بلند عمارتوں‘‘ پر وسیع حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔