عالمی سطح پر سیاحت میں فرانس سیاحوں کی اولین ترجیح

   

102 ملین سیاحوں کی آمد۔ اسپین، امریکہ اور ترکیہ سیاحتی ممالک میں شامل
حیدرآباد۔ 10 نومبر (سیاست نیوز) بین الاقوامی سطح پر سیاحت کے شعبہ میں 10 ممالک نے اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ کسی بھی ملک کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ وہاں کس قدر تعداد میں سیاح گھومنے کے لیے جا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں سیاحوں کی اولین ترجیح ایسے ممالک ہوتے ہیں جہاں صورتحال پْرامن ہو۔ داخلی مسائل اور جنگی صورتحال کا شکار ممالک سیاحت کے شعبہ میں پیچھے ہیں۔ عالمی طور پر سیاحوں کی ترجیحات سے متعلق 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی، جس میں فرانس سرِفہرست ہے۔ ایک سال کے دوران فرانس میں 102 ملین سیاحوں نے سفر کیا۔ اسپین اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں سیاحوں کی تعداد 96.8 ملین ریکارڈ کی گئی۔ یورپین ممالک میں اسپین نے سیاحتی شعبہ میں اپنی غیر معمولی کارکردگی دکھائی ہے۔ عالمی سیاحوں کی ترجیح میں امریکہ تیسرے نمبر پر ہے، جہاں ایک سال میں 72.4 ملین سیاحوں نے سفر کیا۔ ترکیہ اور اٹلی کو چوتھا اور پانچواں مقام حاصل ہوا ہے، جہاں سیاحوں کی تعداد 62 ملین اور 61.5 ملین ریکارڈ کی گئی۔ سیاحت کے شعبہ میں ترجیحی ممالک میں برطانیہ اور چین بھی شامل ہیں۔ میکسیکو میں سیاحوں کی تعداد 47.8 ملین درج کی گئی، جبکہ برطانیہ میں 41.8 ملین اور چین میں 40 ملین سیاحوں نے سفر کیا۔ جرمنی اور جاپان نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔ جرمنی میں 37.5 ملین اور جاپان میں 36.9 ملین سیاحوں نے سفر کرتے ہوئے ان ممالک کو اپنی ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر سیاحت کے شعبہ کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی سطح پر سیاحوں کی پسندیدہ فہرست میں ہندوستان شامل نہیں ہے۔1