مائیکرو سافٹ سے 11 ہزار ملازمین کی برطرفی ، آئندہ دنوں صورتحال مزید ابتر ہونے کا امکان
حیدرآباد۔18جنوری(سیاست نیوز) دنیا معاشی انحطاط کی راہ پر چل پڑی ہے! دنیا بھر میں سال گذشتہ کئی سرکردہ کمپنیوں میں ملازمین کی روزگار سے محرومی کے بعد اب سال 2023کے سب سے بڑی ملازمت سے برطرفی کا مایہ ناز انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے اعلان کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اعلان کردہ 11ہزار ملازمین کی برطرفی عالمی معاشی انحطاط کا نتیجہ ہے اور اس کے اثرات محض امریکہ یا مغربی ممالک تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ہندستان پر بھی اس کے منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔مائیکرو سافٹ کمپنی کی جانب سے 11ہزار ملازمین کی برطرفی کے اعلان کے فوری بعد ماہرین معاشیات نے دعویٰ کیا ہے کہ دنیا ایک اور سنگین معاشی انحطاط کی سمت گامزن ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے 11ہزار ملازمین کی برطرفی میں نہ صرف شعبہ انسانی وسائل بلکہ انجنیئرنگ پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوں گے اور ان دو شعبوں سے ہی ملازمین کی برطرفی کے اقدامات کئے جانے کا امکان ہے۔مائیکرو سافٹ جیسی سرکردہ کمپنی کی جانب سے ملازمین کی تعداد میں تخفیف کے فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ دیگر ایسی انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنیاں جو کہ دنیا کے مختلف ممالک میں خدمات انجام دے رہی ہیں وہ بھی اپنے ملازمین کی تخفیف کا عمل شروع کریں گی کیونکہ ماہرین معاشیات کا ادعا ہے کہ جاریہ سال اور آئندہ سال کے دوران ریکارڈ کیا جانے والی معاشی انحطاط ٹیکنالوجی کے شعبہ کو بری طرح سے متاثر کرسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق سال گذشتہ یعنی 2022کے دوران مختلف کمپنیوں کی جانب سے تیسرے سہ ماہی کے بعد سے ملازمین کی تخفیف کا سلسلہ شروع ہوا تھا لیکن سال 2023کے آغاز کے ساتھ ہی اب تک دو بڑی کمپنیوں نے اپنے ملازمین کی تخفیف کا اعلان کیا ہے جن میں امیزان کے علاوہ مائیکرو سافٹ شامل ہے۔بتایاجاتا ہے کہ آئندہ دنوں میں دیگر کمپنیوں کی جانب سے بھی ملازمین کی تخفیف کے اقدامات ممکن ہیں۔م