ممبئی ۔ 19مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) سنجے لیلا بھنسالی کی آئندہ فلم انشاء اللہ میں سلمان خان کے ساتھ مرکزی کردار میں عالیہ بھٹ کو کاسٹ کیا جارہا ہے ۔ یہ فلم خان کی جانب سے کوپروڈیوس کی جارہی ہے ۔ بھنسالی تقریباً دو دہے کے بعد سلمان خان کے ساتھ فلم بنارہے ہیں ۔ یہ فلم ایک لواسٹوری ہوگی ۔ سلمان خان نے ٹوئیٹر کے ذریعہ تفصیلات فراہم کی ہے ۔ اپنے ٹوئیٹ میں سلمان خان نے کہا کہ 20سال قبل میں نے بھنسالی کے ساتھ فلم کی تھی اور اب دوبارہ ان کے ساتھ آئندہ فلم ’’انشاء اللہ ‘’ میں کام کرنے کے متعلق پُرعزم ہوں ۔ عالیہ بھٹ کے ساتھ انشا ء اللہ فلم کامیاب ہوگی ۔ دوسری جانب بھنسالی نے بھی اس اعلان کی توثیق کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بالآخر تمام پیش قیاسیاں اور انتظار ختم ہوگیا ہے اور 2019ء میں یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ آئندہ فلم میں سلمان خان اور عالیہ بھٹ ایک ساتھ ہوں گے ۔ یہ فلم خانس اور بھنسالی کے ساتھ بھٹ کے اشتراک کی بھی پہلی فلم ہے ۔ عالیہ بھٹ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت میں پہلی مرتبہ سنجے لیلا بھنسالی کی آفس میں گئی تھی اس وقت میں 9سال کی تھی اور آج مجھے سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کی خوشی ہے ۔ یاد رہے بھنسالی نے 1996ء میں بحیثیت ڈائرکٹر اپنی فلم ’’ خاموشی‘‘ کی ہدایت دی تھی جس میں سلمان خان کے ساتھ نانا پاٹیکر نے گونگے کا کردار ادا کیا تھا ۔ جب کہ 1999ء میں آخری مرتبہ بھنسالی اور سلمان خان نے ایک ساتھ جو فلم کی تھی وہ ’’ ہم دل دے چکے صنم ‘‘ جس میں ایشوریہ رائے بچن اور اجئے دیوگن بھی مرکزی کردار میں نظر آئے تھے ۔