عامر علی خان فکر و شعور کے علمبردار ، حق و صداقت کے طرفدار

   

قوم و ملت کی اُمید ، نرمل میں سید جلیل ازہر کی رہائش گاہ پر سالگرہ تقریب ، معززین کی شرکت اور نیک تمنائیں

… وہ روشنی بانٹتے ہیں سدا ،حق کی صدا بن کر …

نرمل۔20 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سینئر صحافی و روزنامہ سیاست کے اسٹاف رپورٹرسید جلیل ازہر کی دعوت پر نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خان صاحب نرمل تشریف لائے جہاں اُن کی سالگرہ تقریب جلیل ازہرؔ کی رہائش گاہ پر منعقد کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین آئیڈیل گروپ آف اسکولس جناب شبیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عامر علی خان صاحب ایک باصلاحیت صحافی، بہترین قائد اور ملت کے مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کرنے والی شخصیت ہیں۔ روزنامہ سیاست کے ذریعہ اُنہوں نے عوامی مسائل، تعلیمی ترقی اور اقلیتی طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے عامر علی خان صاحب کی درازیٔ عمر، صحت و تندرستی اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔سینئر رپورٹر روزنامہ سیاست جناب سید جلیل ازہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ عامر علی خان صاحب سے اُن کا تعلق محبت، احترام اور صحافتی وابستگی پر مبنی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ روشنی بانٹتے ہیں سدا حق کی صدا بن کر ‘‘کے مصداق ہیں۔ اُن کی سالگرہ کی خوشی میں احباب کے ساتھ اس تقریب کا انعقاد اُن کیلئے باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عامر علی خان صاحب کی شخصیت، اُن کی صحافتی خدمات اور عوامی مسائل کے تئیں اُن کی سنجیدگی قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے عامر علی خان صاحب کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اُنہیں صحت، خوشیاں اور عوام کی خدمت کے مزید مواقع عطا فرمائے۔سینئر کانگریس قائد جناب انیس خان نے اپنے خطاب میں عامر علی خان صاحب کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک معروف صحافی اور عوامی مسائل سے گہری وابستگی اور فکر و شعور رکھنے والی شخصیت ہیں۔ وہ ہمیشہ سچائی کا ساتھ دیتے ہیں ۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ عامر علی خان صاحب آئندہ بھی اپنی خدمات کے ذریعہ سماج کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔اس تقریب میں این آر آئی جناب جبار ، ہمارا سہارا سوسائٹی کے جناب عرفان، جناب کاشف، جنید، آئیڈیل اسکول کے جناب زاہد ، آئی اے فنکشن ہال کے جناب زاہد، ڈاکٹر متین ، این آر آئی جناب مسعود ، جناب اشہر، روزنامہ سیاست کے ڈیویژن رپورٹر سید نصیر کے علاوہ حیدرآباد سے تشریف لانے والے جناب امجد خان ، جناب حسین خان اور دیگر معززین موجود تھے۔تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں تمام شرکاء نے عامر علی خان صاحب کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، خوشحالی اور کامیاب زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔