عامر علی خاں اور وشواناتھن کی شیخ پیٹ ڈیویژن میں رائے دہندوں سے ملاقات

   

مقامی مسائل کی یکسوئی کا تیقن، بوتھ سطح کے کارکنوں سے مشاورت
حیدرآباد 12 اگست (سیاست نیوز) جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھن نے بوتھ سطح کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے رائے دہندوں سے بات چیت کا آغاز کیا ہے۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں جملہ 329 پولنگ بوتھس ہیں جبکہ شیخ پیٹ ڈیویژن کے تحت 55 بوتھ ہیں۔ وشواناتھن نے شیخ پیٹ ڈیویژن میں ابھی تک 32 پولنگ بوتھس کا احاطہ کرلیا۔ اُنھوں نے گزشتہ 2 دن کے دوران 25 تا 32 نمبرس کے پولنگ بوتھس کے کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے مقامی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں اور ترجمان پردیش کانگریس کمیٹی سید نظام الدین کے ہمراہ وشواناتھن نے آج شیخ پیٹ میں رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ بوتھ سطح پر کارکنوں کے درمیان بہتر تال میل کے ذریعہ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ پر جناب عامر علی خاں نے تجاویز پیش کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت نے جن فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے اُن کے فوائد بنیادی سطح تک پہونچنے چاہئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کارکنوں اور قائدین کی متحدہ مساعی سے جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ اُنھوں نے مقامی افراد بالخصوص نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ روزگار کے سلسلہ میں اُن سے ربط قائم کریں۔ مختلف خانگی اداروں میں روزگار کی فراہمی کی مساعی کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس حکومت میں حیدرآباد کی ترقی کے لئے بھی جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔ جوبلی ہلز کے بلدی اور دیگر مسائل کے حل کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کا تیقن دیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ داخلی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی کی کامیابی پر توجہ مرکوز کریں۔ اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ وشواناتھن نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے فیصلہ کے ذریعہ تلنگانہ نے ملک کی دیگر ریاستوں کو روشنی دکھائی ہے۔ اُنھوں نے مقامی افراد اور کارکنوں کو تیقن دیا کہ حکومت اُن کے مسائل کی یکسوئی کرے گی۔ رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے وشواناتھن ہر بوتھ کے تحت تقریباً 40 کارکنوں کی کمیٹی تشکیل دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔1