عامر نے کریر کی بہترین بولنگ کی

   

ٹاونٹن ۔13 جون (سیاست ڈاٹ کام ) محمد عامر نے آسٹریلیا کے خلاف نہ صرف اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا بلکہ ورلڈکپ 2019 میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں کامیاب بولر بھی بن گئے ہیں۔ انگلینڈ کے شہر ٹاونٹن کے کاونٹی کرکٹ گراونڈ میں ورلڈ کپ کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے ابتدائی 22 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 146 رنز بنائے تھے اور ایک بڑے اسکور کی جانب گامزن تھے ایسے میں عامر نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 82 رنز پر کھیلنے والے ایرون فنچ کو آوٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ عامر نے پہلی وکٹ حاصل کرتے ہی محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے سابق کپتان اسمتھ کو پویلین کی راہ دکھائی ۔محمد عامر نے شان مارش اور عثمان خواجہ جیسے بہترین بیٹسمینوں کو آوٹ کرکے حریف ٹیم کو دباو میں لایا اور اپنی نپی تلی بولنگ کے ذریعے 20 رنز بنانے والے الیکس کیری اور آخری بیٹسمین مچل اسٹارک کو آوٹ کرکے کیریئر میں پہلی مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کی۔محمد عامر نے ان 5 وکٹوں کے ساتھ ہی ورلڈ کپ 2019 میں اب تک کھیلے گئے میچوں میں سب سے زیادہ 10 وکٹیں حاصل کرکے کامیاب بولرز کی فہرست میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے فرگوسن اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے جہاں دونوں بولرز نے 3 میچوں میں بالترتیب 8 اور 7 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 53 میچوں میں محمد عامر کی میچ میں بہترین بولنگ 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں تھیں جو انہوں نے 9 اگست 2009 کو سری لنکا کے خلاف کولمبو میں حاصل کی تھیں۔