دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان ابھی نہیں ہوا ہے لیکن دہلی میں بر سر اقتدار جماعت ’عام آدمی پارٹی‘نے اپنی انتخابی تیاریاں پرزور طریقہ سے شروع کر دی ہیں ۔ کیجریوال حکومت نے جہاں عوام کو خوش کرنے کے لئے بڑے بڑے اعلانات کر دیے ہیں، وہیں پارٹی نے انتخابی مہم کے لئے ایک انوکھا نعرہ دیا ہے ’آئی لو کیجریوال‘۔ اس نعرہ کے ذریعہ پارٹی کیجریوال کی عوام میں مقبولیت کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر ے گی۔ واضح رہے کہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں عآپ نے ’پانچ سال کیجریوال‘ کا نعرہ دیا تھا۔
پارٹی کے قائدین اور دہلی حکومت میں وزیر گوپال رائے نے بتایا کہ اس مہم کو تیز کر نے کے لئے ایک نمبر بھی جاری کیا گیا ہے ۔ پارٹی کی جانب سے جاری نمبر پر مس کال دے کر کوئی بھی دہلی والا اس مہم کا حصہ بن سکتا ہے ۔ گوپال رائے نے مزید کہا کہ آٹو ڈرائیور ’آئی لو کیجریوال‘ کا اسٹیکر اپنے آٹو پر لگاکر چل رہے ہیں اور عام لوگوں میں اس مہم کا بہت مثبت اثر نظر آ رہا ہے۔
گوپال رائے کا کہنا ہے کہ ’آئی لو کیجریوال‘ نعرہ ایک تحریک کی شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اس نعرہ کو پرچی، اسٹیکر اور پوسٹروں کے ذریعہ لوگوں تک پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ لوگ اپنی دکانوں پر بھی اس اسٹیکر کو لگا رہے ہیں اور سڑک پر سامان بیچنے والے بھی اپنی دکانوں پر اس نعرہ کو خوب چسپاں کر رہے ہیں۔
پانچ سال کیجریوال کا نعرہ بہت کامیاب رہا تھا اور اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ اس وقت تک عوام نے کیجریوال کو حکومت کرتے نہیں دیکھا تھا۔ لیکن اب جب کہ کیجریوال حکومت کو پانچ سال کا حساب دینا ہے، اس لئے یہ دیکھنا ہوگا کہ اس مہم کا اس مرتبہ کیا اثر عوام پررہتا ہے ۔ ابھی تک جو لوگ اس مہم کا حصہ بن رہے ہیں وہ وہی لوگ ہیں جو پارٹی سے جڑے ہوئے ہیں، لیکن دہلی کا مڈل کلاس جس نے پچھلے انتخابات میں بہت کھل کر کیجریوال کا ساتھ دیا تھا، وہ اب پارٹی کے ساتھ نظر نہیں آ رہا۔ اس بات کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں دہلی میں جتنے بھی انتخابات ہوئے ہیں اس میں عآ پ کی کارکردگی خراب رہی ہے۔