عام آدمی پارٹی کا دہلی ماڈل جھوٹ کاپلندہ:کانگریس

,

   

پارٹی کی پنجاب حکومت پر اشتہارات کے ذریعہ جھوٹا پروپگنڈہ کرنے کانگریس پارٹی ترجمان اجئے کمار کا الزام

نئی دہلی: کانگریس نے عام آدمی پارٹی (عاپ) پر جھوٹ بولنے اور اشتہارات دے کر جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گجرات میں جس دہلی ماڈل کی بات کر رہی ہے اس میں کچھ نہیں ہے ، یہ صرف جھوٹ کا پلندہ ہے۔ کانگریس کے ترجمان ڈاکٹر اجے کمار نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عام آدمی پارٹی کی پنجاب حکومت اشتہارات کے ذریعے جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہی ہے ۔ اس حکومت نے دو ماہ کے دوران گجرات کے ٹی وی چینلوں اور اخبارات کو 36 کروڑ روپے کے اشتہارات دیے ہیں جبکہ ریاستی حکومت کے پاس اپنے ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ جھوٹ کا پرچار کرنے کے لیے ، عام آدمی پارٹی دہلی ماڈل کی تعریف کرتی ہے اور ہر جگہ اس کی بات کرتی ہے ، جب کہ اس کے دہلی ماڈل میں کچھ بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والی شیلا دکشت حکومت کے بعد یہاں کوئی نیا اسکول کالج نہیں کھلا ، کوئی نیا فلائی اوور اور کوئی نیا اسپتال نہیں بنایا گیا۔ شیلا دکشت حکومت کے بعد سے قومی راجدھانی میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا ہے ۔ کجریوال حکومت کو بدعنوان حکومت قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں بدعنوانی اپنے عروج پر ہے۔ شراب کی پالیسی سے شراب بنانے والوں کو بہت فائدہ پہنچایا گیا۔ پہلے 750 ملی لیٹر شراب کی بوتل پر حکومت کو فائدہ ہوتا تھا، لیکن اس حکومت نے شراب کی اتنی ہی مقدار میں 220 روپے کا سیدھا فائدہ شراب کمپنیوں کو دینے کا کام کیا ہے اور کہتے ہیں کہ کوئی کرپشن نہیں ہے ۔ اس سے بڑی بدعنوانی کیا ہو سکتی ہے۔ عام آدمی پارٹی کو کٹر ایماندار نہیں بلکہ کٹر بدعنوان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے گھر کی مرمت پر 20 کروڑ خرچ کرتے ہیں، دو کروڑ کی گاڑی میں بیٹھتے ہیں، 45 کروڑ کے طیارے میں گجرات میں انتخابی مہم کے لیے جاتے ہیں اور پانچ ستارہ ہوٹلوں میں ٹھہرتے ہیں اور آٹو والے سے ملنے کی بھی بات کرتے ہیں۔ کیجریوال حکومت کے دہلی ماڈل کو ملک جتنی جلدی سمجھ لے گا، یہ ملک کے مفاد میں اتنا ہی بامعنی ثابت ہوگا۔ ترجمان نے عام آدمی پارٹی کی حکومت کو اشتہاری پارٹی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی بتائے کہ آر ایس ایس کے بارے میں اس کے خیالات کیا ہیں، بلقیس بانو قتل کیس میں اس کی کیا رائے ہے ، ریزرویشن پر اس کا کیا نظریہ ہے ، پارٹی اس بارے میں کبھی کچھ نہیں بولے گی۔