عباداتِ شب ِقدر

   

نوری فاطمہ
٭ شبِ قدر میں دو رکعت نماز نفل اس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ ’’اِنَّا اَنْزَلْنَا‘‘ (یعنی سورۂ قدر) ایک بار اور سورۂ اخلاص سو بار پڑھے اور بعد سلام سو بار درود شریف پڑھ کر دُعا کرے۔ اِس نماز کے ادا کرنے والے کو ثوابِ عظیم حاصل ہوگا۔
٭ چار رکعت نماز نفل دو سلام سے اِس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر ایک بار اور سورۂ اخلاص ۲۷ بار پڑھے۔ اللہ تعالیٰ اِس نماز کی برکت سے تمام گناہ معاف فرمائے گا اور بہشت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے گا۔
٭ چار رکعت نماز نفل دو سلام سے اِس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر تین بار اور سورۂ اخلاص سات بار پڑھے۔ اِس نماز کے ادا کرنے والے کے لئے اللہ تعالیٰ سکرات موت آسان کرے گا اور عذابِ قبر دُور فرمائے گا۔
٭ سو (۱۰۰) رکعت نماز نفل دو دو رکعت کی نیت سے اِس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر تین بار اور سورۂ اخلاص دس بار پڑھے۔ اللہ تعالیٰ اِس نماز کے پڑھنے والے کو قصر جنت عطا فرمائے گا۔
٭ چار رکعت نماز نفل دو سلام سے اِس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر تین بار اور سورۂ اخلاص پچاس بار پڑھے۔ نماز مکمل ہونے کے بعد سجدے میں جائے اور درود شریف پڑھ کر جو دُعا مانگے، انشاء اللہ تعالیٰ قبول ہوگی۔
٭ دو رکعت نماز نفل اِس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر سات بار اور سورۂ اخلاص سات بار پڑھے۔ بعد تکمیلِ نماز استغفار اور درود شریف پڑھے۔ اللہ تعالیٰ اِس نماز کے پڑھنے والے اور اس کے ماں باپ کی بخشش فرمائے گا۔
٭ شبِ قدر میں صبح صادق کے قریب چار رکعت نماز نفل دو سلام سے اِس طرح ادا کرے کہ ہر رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ قدر تین بار اور سورۂ اخلاص پانچ بار پڑھے۔ بعد تکمیلِ نماز سجدہ کرے اور سجدہ میں ’’سُبْحَانَ اللّہ‘‘ ۴۱بار پڑھے۔ اِس نماز کے ادا کرنے والے کی تمام حاجتیں اللہ تعالیٰ پوری فرمائے گا اور اس کی دعا مقبول ہوگی۔
٭ شبِ قدر میں صلوۃ التسبیح ضرور ادا کریں اور یہ دُعا بھی کثرت سے پڑھیں:
اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ عَفُوٌّ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنِّیْ