سماجی فاصلہ کی برقراری اصل شرط۔ خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی ۔ چیف سکریٹری نے احکام جاری کردئے
حیدرآباد 7 جون (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے مساجد‘ شاپنگ مالس ‘ ریستوراں اور ہوٹلوں کی کشادگی کے سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ حکومت نے جی او ایم ایس 76جاری کرکے مرکزی حکومت کے احکامات کے مطابق لاک ڈاؤن میں رعایات پر عمل کرنے کا اعلان کیا اور ان رعایتوں کا انحصار کورونا وائرس سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر پر ہوگا۔ حکومت نے 8جون سے مساجد ‘ درگاہوں اور دیگر مذہبی مقامات کے ساتھ شاپنگ مالس‘ ریستوراں اور ہوٹلوں کی کشادگی کا اعلان کیا ہے ۔ احکامات میں صراحت کی گئی ہے کہ ان مقامات کی کشادگی کے بعد ماسک کے لازمی استعمال کے علاوہ سینٹائیز ر کے استعمال اور صفائی کے اصولوں کا خیال رکھنا ضروری ہوگا ۔ احکامات کے مطابق 8جون سے جو خدمات بحال کی جا رہی ہیں ان میں سماجی فاصلہ کی برقراری بھی شرط کے طور پر رکھی گئی ہے۔ ان احکامات میں مذہبی مقامات کو جانے والوں کیلئے بھی شرائط رکھی گئی ہیں اور انہیں بھی لازمی ماسک کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔اس کے علاوہ جوتوں کو رکھنے مؤثر انتظامات کے علاوہ داخلہ سے قبل صابن سے ہاتھ صاف کرنے اور دیگر ضروری اقدامات کی تاکید کی گئی ہے۔کسی بھی مذہبی مقام پر داخلہ کیلئے قطار میں داخل ہونے کے انتظام کے علاوہ سماجی فاصلہ کی برقراری کو یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہے۔ منادر میں مورتیوں کو اور درگاہوں میں مزارات کو ہاتھ لگانے کی ممانعت ہوگی ۔ اسی طرح مساجد میں عام استعمال کی جائے نمازوں کے استعمال پر پابندی عائد رہے گی ۔شاپنگ مالس میں زائد عملہ کے تقرر کے ذریعہ سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ کپڑے کی دکانات میں ٹرائیل پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ احکامات کے مطابق شاپنگ مالس کے داخلہ کے علاوہ ریستوراں میں داخل ہونے والوں کو جسمانی درجہ حرارت دیکھ کر داخل ہونے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔
چیف سیکریٹری مسٹر سومیش کمار کی دستخط کے ساتھ جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ مالس کے علاوہ جن مقامات کی کشادگی عمل میں لائی جار ہی ہے ان پر مسلسل صفائی کے عمل کو جاری رکھا جائے اور داخل ہونے والوں کی تھرمل اسکریننگ کو یقینی بنایا جائے ۔ تھرمل اسکریننگ کے دوران کسی کے درجہ حرارت میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے تو فوری قریبی دواخانہ یا ہیلپ لائن کو مطلع کیا جائے تاکہ مشتبہ شخص کا معائنہ کیا جاسکے۔ احکامات میں صراحت کی گئی ہے کہ جن اداروں‘ مذہبی مقامات‘ شاپنگ مالس‘ ریستوراں اور ہوٹلوں کی جانب سے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری نہیں کی جائے گی ان کے خلاف سخت کاروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ شاپنگ مالس میں موجود دکانوں میں سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ فیس ماسک لگائے گاہکوں کو داخلہ دیا جائیگا اور اگر زیادہ تعداد میں گاہک داخل ہوں تو دکاندار کے خلاف کاروائی کی گنجائش رہیگی۔ شاپنگ مالس فوڈ کورٹس کیلئے بھی علحدہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے اور مالس میں بچوں کے کھیلنے کے مقامات کو نہ کھولنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔