نئی دہلی۔7 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے تاجراور یوپی کے گونڈہ کے ساکن عبدالحفیظ ملک نے لاک ڈاؤن کے دوران وہ کام کردکھایا ہے جو بڑی بڑی تنظیمیں کرنے سے قاصر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی طرف سے ممبئی میں پھنسے ہوئے چھ ہزار مزدوروں کو بذریعہ ٹرین بھیج کر مزدوروں کے بہی خواہوں میں اپنا نام درج کروکر انسانیت کی مثال قائم کی۔انہوں نے آج یہاں کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پھنسے ہوئے مزدوروں کی پریشانیوں کو دیکھ کر انہیں لگا کہ ان کی مدد ہر حال کی جانی چاہئے کیوں کہ یہ مزدور فیکٹریاں اور کارخانے بند ہونے کی وجہ سے نہ صرف بیروزگاری کے شکار تھے بلکہ بے وطنی کے بھی شکار تھے ۔انہیں صرف رہنے سہنے کامسئلہ درپیش نہیں تھا بلکہ کھانے پینے کے سنگین بحران کا سامنا تھا۔اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے میں نے ان لوگوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے دوران ممبئی اور اس کے مضافات میں غریبوں، لاچاروں، مزدوروں اورکمزوروں کو راشن کٹس تقسیم کیا اورڈَھائی ہزار سے تین ہزار کے درمیان خاندانوں میں راشن کٹس پہنچایا۔ یہ مزدور لکھنؤ،بنارس،گونڈہ، بستی اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے تھے ۔