عثمانیہ دواخانہ میں مسائل کی یکسوئی کے لیے کمیٹی تشکیل

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تاریخی دواخانہ عثمانیہ میں ادویات کی قلت اور درپیش مسائل کی اطلاعات عام ہونے کے بعد عہدیداران خواب غفلت سے بیدار ہوگئے ہیں ۔ دواخانہ کے منتظم ڈاکٹر ناگیندر نے مختلف شعبہ جات کے عہدیداران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ جس میں اس بات کی نشاندہی کی کہ آپسی عدم تال میل کی وجہ سے ادویات کی قلت پیدا ہورہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کی جانب سے بروقت ادویات فراہمی کے باوجود عہدیداران حصول ادویات میں ناکام ثابت ہونے پر سرزنش کی اور ساتھ ہی مسائل کی فوری یکسوئی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جو ادویات کی فراہمی اور انڈنٹ کا جائزہ لیتے ہوئے بروقت اقدامات کرے گی ۔ ادویات سے نمٹنے کے لیے کمیٹی میں ڈاکٹر شراون ، ڈاکٹر پاونڈ نائک ، ڈاکٹر راکیش سہائے ، ڈاکٹر صدیقی اور ڈاکٹر کویتا کو شامل کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر ناگیندر نے بتایا کہ کمیٹی کسی بھی طرح کی ادویات کی بروقت سربراہی کو یقینی بناتے ہوئے ادویات کی قلت پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ لیاب ایکیوپمـنٹ کے معاملہ میں بھی اسٹریم لائن کرے گی ۔ اس اجلاس میں دواخانے کے تمام شعبہ جات کے ہیڈ ڈیپارٹمنٹس ، لیاب انچارجس اور ڈاکٹرس بھی شریک تھے ۔۔