عثمانیہ یونیورسٹی اراضی پر ناجائز قبضوں کے کیس کی ہائی کورٹ میں سماعت

   

Ferty9 Clinic

حکومت اوروائس چانسلر کو نوٹس ، 19 جون کو دوبارہ سماعت
حیدرآباد۔/9 جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے عثمانیہ یونیورسٹی اراضی پر خانگی افراد کی جانب سے غیر مجاز قبضوں کے معاملہ میں ریاستی حکومت، ریونیو سکریٹری، چیف کمشنر لینڈ ریونیو اور وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی کو نوٹس جاری کی ہے۔ ان سے اس معاملہ میں وضاحت طلب کی گئی۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس بی وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے عثمانیہ یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر پی رمنا راؤ کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ 8000 مربع گز اراضی پر لاک ڈاؤن کے دوران غیر مجاز قبضہ کیا گیا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو بتایا کہ اسی مسئلہ پر مفاد عامہ کی درخواست زیر تصفیہ ہے لہذا عدالت کو یہ درخواست اس سے مربوط کرنی چاہیئے۔ عدالت نے دونوں درخواستوں کو یکجا کرنے سے اتفاق کرتے ہوئے حکومت اور عثمانیہ یونیورسٹی حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جوابی حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ درخواست گذار نے کہا کہ بعض افراد عثمانیہ یونیورسٹی کی اراضی کی خریدی کی معاملت کررہے ہیں لہذا اُس پر روک لگائی جائے۔ بنچ نے کہا کہ وہ فوری کوئی احکامات جاری نہیں کرسکتے تاوقتیکہ متعلقہ فریقین کی سماعت نہ کرلیں۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 19 جون کو مقرر کی گئی۔