2.76 ایکر اراضی پر 39.50 کروڑ کی لاگت سے 500 طلبہ کیلئے تین منزلہ عمارت کی تعمیر، وزراء کی شرکت
حیدرآباد ۔ 19 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزراء سبیتا اندرا ریڈی اور ٹی سرینواس یادو نے عثمانیہ یونیورسٹی میں 39.50 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے بوائز ہاسٹل عمارت کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سبھاش ریڈی، رکن قانون ساز کونسل سروبھی وائی دیوی چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی رویندر یادو ہائر ایجوکیشن کونسل کے صدرنشین پروفیسر لمبادری کے علاوہ پروفیسرس اور طلبہ نے شرکت کی۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے احاطہ میں موجود 2.76 ایکر اراضی پر عصری سہولتوں سے لیس بوائز ہاسٹل تعمیر کیا جارہا ہے جس پر 39.50 کروڑ روپئے خرچ ہونے کا تخمینہ تیار کیا گیا ہے۔ 500 طلبہ کے قیام کیلئے 3 منزلہ ہاسٹل عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ فی الحال عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں 24 ہاسٹلس ہیں جس میں 12 ہاسٹلس لڑکیوں کیلئے اور 12 ہاسٹلس لڑکوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ عثمانیہ یونیورسٹی میں 70 فیصد لڑکیاں ہیں جس کے پیش نظر گذشتہ سال بوائز ہاسٹل کو لڑکیوں کیلئے مختص کیا گیا تھا۔ لڑکوں کیلئے ہاسٹل نہ ہونے کی وجہ سے نئی عمارت تعمیر کی جارہی ہے۔ن