یو جی سی سے اجازت پر اقدامات ، وائس چانسلر ایس رامچندرا کا بیان
حیدرآباد۔12 جون(سیاست نیوز) جامعہ عثمانیہ میں بھی آن لائن کورس شروع کئے جائیں گے اور بہت جلد دو پوسٹ گریجویشن ڈپلوما کورس آن لائن شروع کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جنہیں اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری حاصل ہوچکی ہے ان میں ڈاٹا سائنس اور سائبر سیکیوریٹی لاء شامل ہے۔وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ایس رامچندرا نے یہ بات بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ عثمانیہ کو ’’اے‘‘ زمرہ میں شامل کئے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے بہت جلد مختلف آن لائن کورسس کی شروعات عمل میں لائی جائے گی اور اس کے علاوہ فاصلاتی طرز تعلیم میں بھی نئے کورسس شروع کئے جائیں گے۔پروفیسر ایس رامچندرا نے کہا کہ یونیورسٹی کی جانب سے آن لائن کورسس کی شروعات کے ذریعہ ایک نئے دور کا آغاز کیا جا رہاہے ۔انہو ں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ایجوکیشنل ملٹی میڈیا سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے اور اسے مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے شروع کئے جانے والے SWAYAMآن لائن پلیٹ فارم سے مربوط کیا جائے۔انہو ںنے بتایا کہ یہ فیصلہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے آن لائن کورسس شروع کئے جانے کی اجازت کی فراہمی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔وائس چانسلر جامعہ عثمانیہ نے بتایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی میں آن لائن کورسس کے آغاز کی صورت میں کئی گوشوں کو فائدہ حاصل ہوگا اور ان میں ملازمین اور تجارتی افراد کے علاوہ مصروف طبقہ بھی شامل ہے جو کہ سلسلہ تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہے لیکن مصرفیت کے سبب ایسا نہیں کر سکتے ۔
