عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس پر نئے 500 بیڈ ہاسٹل کی تعمیر

   


کیمپس کالجس میں زیرتعلیم طلباء کی ضرورت پوری ہوگی
حیدرآباد 13 نومبر (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی میں کئی ہاسٹلس کی حالت خستہ ہوگئی ہے اور وہ رہنے کے قابل نہیں ہیں۔ ایسے میں یونیورسٹی کی جانب سے اس کے کیمپس میں ایک نئے ہاسٹل کی تعمیر کی جارہی ہے۔ 500 بستر کے اس نئے ہاسٹل کے تعمیری کام اس ماہ شروع کئے جائیں گے جس سے کالج کیمپس میں زیرتعلیم طلباء کی ضرورت پوری ہوگی۔ اس کے لئے ٹنڈرس جاری کئے جاچکے ہیں اور تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو اس ہاسٹل کی تعمیر کا کام تفویض کیا گیا ہے جو یونیورسٹی کیمپس میں انسٹی ٹیوٹ آف پبلک انٹرپرائز کے قریب تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس ہاسٹل کی تین منزلہ عمارت میں عصری سہولتیں ہوں گی بشمول ایک اسٹیم بیڈ کچن، ڈائننگ ہال، ڈارمیٹریز، ریڈنگ روم اور اسپورٹس ہال۔ فی الوقت عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں 24 ہاسٹلس ہیں جو 8,500 طلبہ کو قیام کی سہولت فراہم کررہے ہیں اور ان میں 70 فیصد طالبات (خواتین) ہیں۔ طلباء کے لئے 12 ہاسٹلس میں صرف چار ہی رہنے کے قابل ہیں اور باقی خستہ حالت کا شکار ہیں اور ان کی فوری مرمت کرنے کی ضرورت ہے۔