حیدرآباد۔عثمانیہ یونیورسٹی سے ملحقہ تمام کالجس 31جولائی تک بند رہیں گے اور اس کے بعد ہی کالجس کی کشادگی کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ مرکزی حکومت کے فیصلہ اور وزارت فروغ انسانی وسائل کی مشاورتی ٹیم کی سفارش کے مطابق جامعہ عثمانیہ سے ملحقہ تمام کالجس کو 31جولائی تک نہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ 31 جولائی سے قبل حکومت کی ہدایات کے بعد کالجس کی کشادگی کا اعلان کیا جائیگا۔ جامعہ عثمانیہ انتظامیہ نے بتایا کہ یونیورسٹی کے ہاسٹل‘ میس اور کالجس بھی اس دوران بند رہیں گے ۔ذرائع کے مطابق ماہ جولائی کے دوران ملک میں کورونا کی صورتحال پر قابو کا جائزہ لینے کے بعد وزارت کی جانب سے فیصلہ کیا جائیگا۔ بتایاجاتا ہے کہ وزارت کی تجاویز کے ساتھ ذمہ داروں سے مشورے طلب کئے ہیں کہ صورتحال کے معمول پر نہ آنے پر کیا اقدام کئے جائیں اور سلسلہ تعلیم کو جاری رکھنے کن ذرائع کا استعمال کیا جائے ۔