حیدرآباد 31 اگسٹ(سیاست نیوز) حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے شہر کے دونوں ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں پانی کا شدید بہاؤ ہے ۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مینیجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ موسی ندی کے آب گیر علاقوں کے تعلق سے چوکسی اختیار کریں کیونکہ مزید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ عثمان ساگر ( گنڈی پیٹ ) میں آب گیر علاقوں جیسے چیوڑلہ ‘ وقار آباد ‘ شنکر پلی ‘ مومن پلی ‘ دھوبی پیٹ وغیرہ سے موسی ندی کے ذریعہ جمع ہو رہا ہے جبکہ چیوڑلہ ‘ انڈاپور ‘ کوتوال پیٹ ‘ نرکھوڈا ‘ تانڈور ‘ معین آباد اور دوسرے علاقوں سے پانی حمایت ساگر بذریعہ عیسی ندی پہونچ رہا ہے ۔ اشوک ریڈی نے ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں اور ایس پی ٹی گاڑیوں کو فیلڈ پر سرگرم رہنے اور چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے اور ایسے مین ہولس کی نشاندہی کرنے کو کہا ہے جہاںسے پانی ابلتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانی آلودہ ہونے سے بچانے اور اس میں کلورین شامل کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔