عثمان ساگر و حمایت ساگر کی سطح آب میں مزید اضافہ

,

   

حیدرآباد۔ شہر کے تاریخی و قدیم ذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطح آب میں مزید اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ حمایت ساگر کی جملہ سطح آب 1,763 فیٹ ہے جبکہ جمعہ کو ہوئی بارش کے بعد اب اس ذخیر ہ آب کی سطح 1,747 فیٹ تک پہونچ گئی ہے ۔ اسی طرح عثمان ساگر کی سطح آب میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ عثمان ساگر کی جملہ سطح آب 1,790 فیٹ ہے جبکہ جمعہ کو ہوئی بارش کے بعد اس کی سطح 1,761 فیٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ کل ہوئی بارش کے بعد سے حمایت ساگر کی سطح آب میں 1.3 فیٹ کا اور عثمان ساگر کی سطح آب میں 2.2 فیٹ کا اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ جمعرات کو بھی ان دونوںذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوا تھا کیونکہ ان میں پانی کا انفلو بڑھ گیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ آبگیر علاقوں میں مسلسل بارش کی وجہ سے ان ذخائر آب کی سطح میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ حالیہ عرصہ میں ان ذخائر آب میں پانی کی آمد کے تعلق سے تشویش ظاہر کی جا رہی تھی اور جاریہ سال مانسون کے آغاز کے بعد بھی یہ ذخائر آب خشک ہی پائے گئے تھے اور ان میں پانی کا انفلو نہ ہونے کے برابر تھا تاہم گذشتہ ماہ ہونے والی بارش نے ان ذخائر آب میں بھی حرکت پیدا کردی ہے اور یہاں بھی پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہونے لگا تھا ۔ گذشتہ مہینے چار دن کی مسلسل بارش کے نتیجہ میں ان ذخائر آب کی سطح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا تھا اور مزید بارش اور سطح آب میں اضافہ کی صورت میں ان دونوں کے دروازے کھولتے ہوئے پانی کی نکاسی عمل میں لانے کی ضـرورت بھی محسوس کی گئی تھی ۔ دونو ں ذخائر آب میں پانی کے انفلو کو دیکھتے ہوئے موسی ندی میں پانی کے امکانی بہاو کے پیش نظر ندی کے کنارے پر بستیوں سے عوام کا تخلیہ بھی کروایا گیا تھا تاہم بعد میں پانی کا انفلو رک جانے کے بعد پانی چھوڑنے سے گریز کیا گیا تھا ۔