عدالتی احکامات کے بغیر رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کو سیل ڈیڈ منسوخ کرنے کا اختیار نہیں: ہائیکورٹ

   

حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے رولنگ دی ہے کہ عدالت یا پھر عہدیدار مجاز کے احکامات کے بغیر رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس ڈپارٹمنٹ کو سیل ڈیڈ منسوخ کرنے کا اختیار نہیں۔ جسٹس کے شرت نے شہر کے مضافاتی علاقہ شمس آباد کے قریب واقع بہادر گوڑہ موضع کی اراضی سے متعلق 17 سیل ڈیڈس کو منسوخ کئے جانے کے خلاف دائر کی گئی درخواستوں کی سماعت کے دوران یہ ہدایت دی۔ 45 ایکر اراضی کی فروخت کے سلسلہ میں جو معاہدات طے کئے گئے تھے محکمہ اسٹامپس اینڈ رجسٹریشن نے کسی نوٹس کے بغیر منسوخ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ علاقہ میں اراضی کی مالیت فی ایکر تقریباً 4 کروڑ روپے ہے۔ جسٹس شرت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق کسی قانونی اتھاریٹی کے احکامات کے بغیر کسی بھی شخص کو اراضی سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔ جسٹس شرت نے درخواستوں کو سماعت کے لئے قبول کرتے ہوئے 49 صفحات پر مشتمل فیصلہ صادر کیا۔ درخواست گذاروں نے 2007 میں اراضی کے حقیقی مالک سے خریدا تھا لیکن نیوٹیشن اور پٹہ دار پاس بک کی اجرائی کے لئے داخل کی گئی درخواستوں کو عہدیداروں نے مسترد کردیا۔ محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی بے فیض ثابت ہوئی۔ ضلع کلکٹر نے اراضی کی خریدی سے متعلق معاہدات کو منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ سب رجسٹرار شمس آباد نے احکامات کی تکمیل کی۔ درخواست گذاروں نے سب رجسٹرار کے احکامات کو یکطرفہ قرار دیا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے درخواست گذاروں کے حقوق کو محفوظ رکھتے ہوئے عدالت کے احکامات کے بغیر سیل ڈیڈ کی منسوخی کی مخالفت کی۔ 1