عدالتی فیصلے کے بعد کسی بھی وقت بلدی انتخابات

   

تمام ضلع کلکٹرس کو تیار رہنے کا مشورہ ۔ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) الیکشن کمشنر مسٹر ناگی ریڈی نے 31 اکٹوبر کو تلنگانہ ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلہ کے بعد ریاست میں کسی بھی وقت بلدی انتخابات منعقد کرنے تمام ضلع کلکٹروں سے تیار رہنے کی خواہش کی ہے۔ ناگی ریڈی نے آج تمام ضلع کلکٹروں، میونسپل کمشنروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا ۔ بلدی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تلنگانہ میں جملہ 120 بلدیات، 9 میونسپل کارپوریشنس کیلئے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں جبکہ میر پیٹ میونسپل کارپوریشن میں وارڈس کی تقسیم عمل میں نہ ہونے سے وہاں انتخابات نہیں ہونگے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں جملہ 3103 بلدی ڈیویژنس کیلئے انتخابات ہونگے۔ ناگی ریڈی نے بتایا کہ مجوزہ بلدی انتخابات کا انعقاد عمل میں لانے ریاست میں جملہ 8056 پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ بلدیہ انتخابات میں انتخابی مصارف ایک لاکھ پچاس ہزار روپئے ہیں اور ان سے تجاوز نہیں کرنا چاہئے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست کی تمام بلدیات اور کارپوریشنوں میں رائے دہندوں کی تعداد 79,92,934 لاکھ ہے۔ انہوں نے حالیہ حضور نگر ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں حضور نگر میونسپلٹی میں انتخابات میں ووٹرس کو بائیں ہاتھ کی بجائے دائیں ہاتھ کی انگلی پر نشان لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دی گئیں۔