نئی دہلی ۔ 7؍ستمبر( ایجنسیز)اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ کو اس وقت ایک بڑی راحت میں جب دہلی کی ایک عدالت نے ہفتہ کے روز کچھ صحافیوں اور دیگر کو فرم کے خلاف غیر تصدیق شدہ ہتک آمیز مواد شائع کرنے سے روک دیا۔ایک عبوری حکم میں عدالت نے صحافیوں اور غیر ملکی این جی اوز کو بھی ہدایت کی کہ وہ فرم کے خلاف مبینہ ہتک آمیز مواد کو آرٹیکلز اور سوشل میڈیا پوسٹس سے ہٹا دیں۔سینئر سیول جج انوج کمار سنگھ مدعی کی طرف سے دائر ایک مقدمہ کی سماعت کر رہے تھے جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ بعض وئب سائٹس مربوط ہتک آمیز اشاعتیں، متعلقہ پوسٹس اور ویڈیوز کے ساتھ، کاروباری گروپ کی ساکھ کو خراب کرنے اور اس کی عالمی کارروائیوں میں خلل ڈالنے کے لیے بنائی گئی تھیں۔اس کی سماعت کے بعد عدالت نے یہ ہدایت جاری کی ہے اور اندورن پانچ دن غیر مصدقہ مواد ہٹانے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔ایسا نہ کرنے کی صورت میں عدالت نے گوگل‘ یو ٹیوب اور ایکس وغیرہ کو اندورن 36گھنٹے مبینہ ہتک آمیزمواد نکالنے ہٹانے کی ہدایت دی اور کیس کی اگلی سماعت9 اکتوبر کو مقرر کی ہے ۔