عدالت کی برہمی سے حکومت کا چہرہ بے نقاب، فلم اسٹار وجئے شانتی کا ریمارک

   

حیدرآباد: کانگریس کی تشہیری کمیٹی کے صدرنشین اور فلمی اسٹار وجئے شانتی نے کورونا سے نمٹنے میں کے سی آر حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی برہمی سے تلنگانہ حکومت کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عدالت کی جانب سے وقتاً فوقتاً دی گئی ہدایات پر عمل آوری نہیں کی جس کے نتیجہ میں عدالت نے اعلیٰ عہدیداروں کو حاضر ہونے کی ہدایت دی ہے ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ کیسیس کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت گمراہ کن بلیٹن جاری کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے عدالت آخری راستہ ہے۔ وجئے شانتی نے کہا کہ حکومت عوامی صحت کے تحفظ کی ذمہ داری کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوںکی محرومی کے سبب اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کرے اور سرکاری ہاسپٹلس میں طبی سہولتوں کو بہتر بنائیں تاکہ کورونا کے نقصانات کو کم کیا جاسکے ۔