عراقی شہر کرکوک میں بم دھماکہ، 8پولیس اہلکار ہلاک

   

بغداد : عراق میں تیل کی دولت سے مالا مال شہر کرکوک کے جنوب مغرب میں اتوار کو سکیورٹی اہلکاروں کے قافلے پر بم حملے میں کم از کم آٹھ عراقی وفاقی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔روئٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ بم دھماکہ کرکوک سے 30 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع صفرا گاؤں کے قریب ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بم دھماکے کے باعث دو پولیس اہلکار شدید زخمی بھی ہیں جنہیں طبی نگہداشت کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔اس بم حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی تاہم بتایا جاتا ہے کہ داعش تنظیم کے عسکریت پسند اس علاقے میں سرگرم ہیں۔واضح رہے کہ دسمبر2017 میں عراق نے اس گروپ پر فتح کا اعلان کیا تھا جس نے ایک عرصہ تک عراق کے بڑے علاقے پر قبضہ جما رکھا تھا۔