عراقی عدالتوں پر بدعنوان قائدین کی رہائی کیلئے دباؤ

   

Ferty9 Clinic

بغداد۔4 مئی(سیاست ڈاٹ کام)عراق کی عدلیہ نے اعتراف کیا ہے عدالتوں کو بدعنوان وزراء ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر سینیر لیڈروں کی بریت کے لیے سیاسی جماعتوں کی طرف سے دبائو کا سامنا ہے۔میڈیاکے مطابق عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے ترجمان جسٹس عبدالستار بیرقدار نے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ ججوں پربدعنوان سیاست دانوں کی بریت کے لیے سخت دبائو ہے۔عراق کے جوڈیشل میڈیا سینٹر کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس وقت عدلیہ قومی خزانے کی لوٹ مارکرنے والوں کا محاسبہ کرنے کے علاوہ کرپشن کی بیخ کنی کے لیے ٹھوس اقدامات کررہی ہے لیکن عدلیہ کو سیاست دانوں اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بدعنوان سابق وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کے مقدمات میں دبائو کا سامنا ہے۔ بعض سیاسی لیڈر عدلیہ پر سابق وزراء کو بری کرنے کے لیے دبائو ڈال رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پربھی ججوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔ بعض بدعنوان عناصر اور ان کے حامی صحافی بیرون ملک بیٹھ کر عراقی عدلیہ پراثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عدلیہ اپنا کام جاری رکھے گی۔