بغداد 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق کی پارلیمنٹ نے آج ایک شمالی صوبہ کے گورنر کو برطرف کردیا ہے جہاں ایک کشتی غرقاب ہونے کے نتیجہ میں 100 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد صوبہ میں غم اور غصہ کی لہر پیدا ہوگئی ہے ۔ دریائے تگریس میں یہ کشتی غرقاب ہوئی تھی اور اس حادثہ میں مرنے والوں میں اکثریت کرد شہریوں کی ہے ۔ یہ حادثہ کردوں کے سال نو نوروز کے موقع پر پے آیا تھا ۔ وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے پارلیمنٹ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے صوبہ نینوا کے گورنر نوفل عقوب کو برطرف کرنے کی خواہش کی تھی اور کہا تھا کہ وہ لاپرواہی سے کام کر رہے ہیں ۔ گورنر کے علاوہ ان کے دو نائبین کو بھی برطرف کردیا گیا ہے ۔ پارلیمنٹ نے کشتی حادثہ میں مرنے والوں کو شہید قرار دیا ہے ۔ اس کے نتیجہ میں ان کے افراد خاندان کو معاشی امداد حاصل ہوسکتی ہے ۔