عراقی گروپ کا اسرائیل پر داغا گیا میزائل فضا میں ناکام کردیا گیا: صہیونی حکام

   

تل ابیب: العربیہ کے نامہ نگار بدوی نے جنوبی اسرائیل کے شہر ایلات میں دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بحریہ نے خلیج ایلات پر ایک فضائی ہدف کو روکا۔ اس سے قبل آج عراقی مسلح دھڑوں نے حیفا بندرگاہ کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ عراقی دھڑوں نے ٹیلی گرام کے ذریعے بیان میں کہا ہے کہ اس نے یہ حملہ غزہ کی حمایت میں اور اسرائیل کی طرف سے کیے گئے “قتل عام” کے جواب میں کیا۔ کروز میزائل سے حیفا بندرگاہ میں “اہم اہداف” کو نشانہ بنایا گیا ہے۔’’ مزاحمت اسلامی عراق‘‘ کے نام سے عراقی دھڑوں نے کہا کہ انہوں نے ڈرون کے ذریعے جنوبی اسرائیل کے علاقے ایلات میں ایک اہم ہدف کو نشانہ بنایا۔ یاد رہے عراقی مسلح دھڑوں نے گزشتہ منگل کو اعلان کیا تھا کہ انہوں نے ایلات کو دو ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔ عراق میں موجود یہ گروپ بارہا اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اسرائیل کے اندر اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔