عرب خطے کو اسلحہ نہیں امن چاہیئے : وزیراعظم فلسطین

   

واشنگٹن : فلسطینیوں کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے خبردار کیا ہے کہ خطے کے اندر عسکریت پسندی بڑھ رہی ہے۔ ان کی جانب سے یہ انتباہ ایسے وقت میں آیا ہے جب متعدد سنی ممالک اور اسرائیل، ایران کے خلاف ایک دوسرے کے ساتھ تعاون پر بات چیت کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کی حکومت اسرائیل کو اس وقت تک تسلیم نہیں کرے گی جب تک کہ اسرائیل فلسطین تنازعے کا حل نہیں نکال لیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر محمود عباس اسرائیل کے ساتھ نئی امن بات چیت کے لیے مخلص ہیں۔ وزیراعظم محمد اشتیہ نے عرب ممالک کے ساتھ حالیہ دنوں میں اسرائیل کے تعلقات میں بہتری کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ اردن اس کے فوری بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لے آیا جب اسرائیل اس کے زیرقبضہ علاقوں سے دستبردار ہوگیا۔اسی طرح ان کے بقول اسرائیل نے جب مصر میں صنعائی کے علاقے کو چھوڑا تو اس نے بھی تعلقات استوار کر لیے۔ لہٰذا ہمارے نزدیک تمام عرب ملکوں کے درمیان جو چیز مشترکہ ہے ان کی بنیادیں اصولوں پر استوار ہیں کہ عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات نارمل بنائیں گے جب وہ عرب اور فلسطینی علاقوں پر اپنا قبضہ ختم کرے گا۔