عرفان پٹھان اہلیہ صفا کی تصویر شائع کر نے پرتنقید کی زد میں

   

ممبئی ۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق کرکٹر عرفان پٹھان اچانک سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ حال ہی میں عرفان نے ایک تصویر شائع کی ہے، جوان کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر سامنے آئی ہے۔ اس موقع پر عرفان پٹھان نے اپنی اہلیہ صفا بیگ کے ساتھ ایک تصویر شائع کی اور پہلی بار اپنی اہلیہ کا چہرہ بھی دنیا کو دکھایا۔ اب تک وہ ہر بار اپنی بیوی کی برقعہ میں تصویر شائع کرتے تھے۔ عرفان پٹھان نے یہ تصویر شائع کی تو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی لیکن کئی لوگوں کو یہ پسند نہیں آئی، یہی وجہ ہے کہ عرفان پٹھان کی پوسٹ کے نیچے کئی سخت تبصرے کیے گئے اور لوگوں نے عرفان کو تصویر کو ہٹانے کا مشورہ بھی دیا۔ لوگوں نے عرفان پٹھان کی پوسٹ پر تبصروں میں اپنا غصہ ظاہرکیا ہے۔ کچھ لوگوں نے لکھا کہ بھائی پردے میں رہنے دیتے، جب کہ کچھ صارفین نے کہا کہ یہ ہے مسلمان جن کو دیکھ کر شرمائے یہود۔ تصویر شائع کرنے پر کئی لوگوں نے عرفان پٹھان پر شدید تنقید کی اور کہا کہ اگر پردہ ہٹانا تھا تو اتنے دن پردے کو کیوں رکھا۔ یاد رہے کہ عرفان پٹھان اور صفا بیگ کی شادی سال 2016 میں ہوئی تھی، صفا بیگ ماڈل رہ چکی ہیں۔ ان دونوں کی شادی مکہ میں ہوئی تھی، اب دونوں کے دو بچے ہیں۔ عرفان پٹھان کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد ٹی وی کمنٹری کرتے ہیں اور ان کی کئی ریلز سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوتی ہیں۔