خاطیوں کی برطرفی اور 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا مطالبہ
حیدرآباد۔23۔ فروری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے سابق رکن راجیہ سبھا اور قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے آج میدک پہنچ کر پولیس اذیت میں ہلاک عبدالقدیر خاں کے افراد خاندان سے ملاقات کی۔ سی پی آئی ریاستی سکریٹریٹ کے رکن ای ٹی نرسمہا اور میدک ضلع کے سی پی آئی سکریٹری محمد خالق کے ہمراہ عزیز پاشاہ نے قدیر خاں کے پسماندگان کو پرسہ دیا اور اظہار ہمدردی کیا ۔ انہوں نے انصاف دلانے کیلئے سی پی آئی کی جانب سے جدوجہد کا یقین دلایا، بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سید عزیز پاشاہ نے قدیر خاں کو اذیت دینے کے ذمہ دار انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور کانسٹبلس کو فوری طور پر خدمات سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسماندگان کو 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کیا جائے اور خاندان کے ایک فرد کو سرکاری ملازمت دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ خاطی پولیس عہدیداروں کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔ عزیز پاشاہ نے افسوس کا اظہار کیا کہ تلنگانہ حکومت نے ابھی تک ایکس گریشیا کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے خاطیوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے ہائی کورٹ کی جانب سے اس معاملہ کی از خود سماعت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ عدالت سے انصاف ملے گا۔ ر