عصری سہولیات سے سرکاری ہسپتالوں کی ترقی

   

پداپلی سرکاری ہسپتال میں 25 پنکھوں کی فراہمی، ضلع پریشد چیرمین پی مدھوکر کا خطاب
پداپلی: 9نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پرجا پریشد چیرمین پوٹا مدھوکر نے کہا کہ عصری سہولیات سے ضلع کے سرکاری ہسپتالوں کو ترقی دی گئی ہے۔ رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی ، پداپلی میونسپل چیرپرسن داسری ممتا ریڈی کے ہمراہ آج ضلع پرجا پریشدچیرمین پوٹا مدھو نے ضلع سرکاری ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے عوام کی سہولت کی خاطر 25 پنکھوں کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر زیڈ پی چیرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلع میں نو تعمیر شدہ مرکز برائے نگہداشت زچہ و بچہ کے ذریعہ کئی افراد مستفید ہورہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں زچگیوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کے لئے لیاب کا قیام عمل میں لاکر مفت طبّی معائنے کئے جارہے ہیں۔ گزشتہ ماہ ضلع سرکاری ہسپتال میں تقریباً 23 ہزار طبِّی معائنے کئے گئے۔ لیاب میں طبِّی تشخیص کے لئے ہر ماہ 1.5 لاکھ خرچ کئے جارہے ہیں۔ ضلع کے سرکاری ہسپتال میں زچگیوں کی تعداد میں، جنرل سرجری میں ، آرتھوپیڈک آپریشنس میں ریکارڈ اضافہ پر زیڈ پی چیرمین نے ہسپتال کے سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر شریدھر اور ہسپتال کے عملہ کی ستائش کی۔

انھوں نے کہا کہ ضلع کے سرکاری ہسپتال میں عصری سہولیات سے آراستہ 15کمرے تیار کئے گئے ہیں ، یومیہ صرف 500 روپئے ادا کرتے ہوئے عوام ان کمروں سے مستفید ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں نظام صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، کارپوریٹ ہسپتالوں کی طرز پر سرکاری ہسپتالوں میں ہر طرح کی سہولیات میسّر ہیں,جن کے ذریعہ عوام کو بہتر طبّی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر ضلع کتب خانہ چیرمین رگھو وئیر سنگھ ، ضلع ہسپتال سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر شریدھر، متعلقہ عہدیداران و دیگر موجود تھے۔