لکھنو: یوپی کے سیتاپور میں خیرآباد میں واقع بڑی سنگت کے مہنت بجرنگ منی کا ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے ہلچل مچ گئی ہے۔ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے لے کر خواتین کمیشن تک مہنت بجرنگ منی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ خواتین کمیشن نے یوپی کے ڈی جی پی مکل گوئل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سات دن میں جواب طلب کیا ہے۔وہیں مہنت بجرنگ منی کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے ان کی گرفتاری کی ہدایات دی گئی ہیں۔خیال رہے کہ کہ مہنت بجرنگ منی کے دو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں، جن میں وہ مسلم خواتین اور بہو بیٹیوں کے خلاف اشتعال انگیز تبصرہ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔وائرل ویڈیو میں یہ سفاک مہنت کہتا ہے کہ اگر کوئی ہندو لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کرے گا تو میں کھلے عام بہو بیٹیوں کو تمہارے گھر سے اٹھا کر ان کی عصمت دری کروں گا، خیال رہے کہ یہ وائرل ویڈیو 2 اپریل کا بتایا جا رہا ہے۔اس درندہ صفت مہنت کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد فی الحال پولیس اور انتظامیہ چوکس ہے۔