عطیات کی وصولی کے ذریعہ روڈ کی مرمت

   

مدور ۔ 31 ۔ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سدی پیٹ کے چیریال منڈل کے موضع بنڈاپلی کے مقامی باشندوں نے ا پنے موضع کو پکی سڑک تعمیر کرنے کے اپنے دیرینہ مطالبات کی حکومت کی طرف سے عوامی یکسوئی پر مستحسن اقدام کرتے ہوئے آپس میں عطیات کی وصولی کے ذریعہ موضع بنڈا پلی تا مشتیال 2 کیلو میٹر طویل بی ٹی روڈ بنڈا پلی تا چیریال 4 کیلو میٹر طویل بی ٹی روڈ کے حصے تعمیری کاموں کا آغاز کردیا ۔ اس ضمن میں موضع مشتیال کے سرپنچ ایس یلا ریڈی و منڈل پریشد رکن محترمہ قمر سلطانہ نے بتایا کہ مقامی عوام نے فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کیلو میٹر طویل سڑک کے تمام اخراجات آپس میں متحدہ طور پر برداشت کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جس سے قریبی مواضعات عوام نے بھی کافی سراہنا کی ہے ۔

کتوں کے حملے میں 40 بکریاں فوت
مدور ۔ 31 ۔ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیریال منڈل کے موضع گرجہ کنڈ میں آج صبح آوارہ کتوں کے ایک غول نے اچانک بکریوں کے مندے پر حملہ کرتے ہوئے 40 بکریوں کو شدید زخمی کردیا جس کے باعث وہ برسر موقع فوت ہوگئیں۔ مزید 12 بکریاں معمولی زخمی ہیں۔ راما کرشنا نے بتایا کہ وہ ا پنی زرعی باولی کے پاس بکریوں کی نشو و نما کر رہے تھے، حسب معمول کل رات بکریوں کو محصور جھونپڑی میں باندھ کر مکان واپس ہوگئے ۔ صبح 9 بجے بکریوں کی جھونٖپڑی پر پہنچنے پر 40 بکریاں مردہ و 12 بکر یوں کو زخمی پاکر متحیر ہوگئے۔ انہوں نے نقصان کا تخمینہ زائد از 3 لاکھ روپئے لگاکر خاطر خواہ معاوضہ ادا کرنے کا ریاستی حکام و منڈل ریونیو حکام سے اپیل کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ موضع گرجہ کنڈ میں آوارہ کتوں کی بہتات ہے جن کے خاتمہ کیلئے سخت اقدامات کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔