علیگڑھ میں ایک خاتون نے مسلم خاندان کو ہجوم سے بچایا

,

   

دو سالہ لڑکی کے قتل واقعہ کے بعد تشدد میں اضافہ
علیگڑھ ۔ /9 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں دو سالہ لڑکی کے قتل کے بعد کشیدگی پیدا ہوئی ۔ ایک 24 سالہ خاتون نے آج ہجوم کی جانب سے کئے جانے والے حملے سے ایک مسلم خاندان کو بچایا ۔ یہ واقعہ جتاری علاقہ میں پیش آیا ۔ علیگڑھ سے 40 کیلو میٹر دور یہ مسلم خاندان ہریانہ سے ایک ویان میں سفر کررہا تھا ۔ ان کے ہمراہ ایک خاتون پوجا چوہان بھی تھی جو اس خاندان کی قریبی دوست بتائی جاتی ہے ۔ اس ویان میں سفر کرنے والے ایک شخص شفیع محمد عباسی نے کہا کہ غنڈوں نے موٹر سائیکلوں پر ان کا تعاقب کیا اور لوہے کی سلاخوں سے ویان پر حملہ کیا ۔ وہ لوگ ہمیں قتل کرنے والے ہی تھے کہ پوجا چوہان نے ویان کے باہر کھڑے ہوکر انہیں روک دیا ۔ پوجا چوہان میری بیٹی کی طرح ہے اس نے ہمارے اور حملہ آواروں کے درمیان خود کو ڈھال بنالیا ۔ ہجوم نے ویان میں سفر کرنے والے مسلم خاندان کی نشاندہی کی کیونکہ خواتین نے نقاب پہن رکھا تھا ۔ مسلم خواتین کو دیکھ کر ہجوم موٹر سائیکلوں پر ان کا تعاقب کرنے لگا اور دھمکیاں دینے لگا ۔ ان کے گلے میں زعفرانی پٹے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد مسلم خاندان بحفاظت علیگڑھ پہونچ گیا ۔