عمارت میں آگ لگنے سے درجنوں افراد ہلاک

   

ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے وزیر صحت نے کہا کہ ڈھاکہ کے پاس ایک کثیر منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے کم از کم 45 افراد ہلاک ہو گئے۔ دیگر درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور متاثرین میں بہت سی خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کے وزیر صحت سمنتا لال سین کا کہنا ہیکہ جمعرات کو دارالحکومت ڈھاکہ سے متصل محلے کی ایک سات منزلہ عمارت میں آگ لگنے کی وجہ سے کم از کم 45 افراد ہلاک ہو گئے۔وزیرصحت نے بتایا کہ ڈھاکہ میڈیکل کالج ہاسپٹل میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 35 افراد کو مردہ قرار دیا گیا، جبکہ کم از کم 10دیگر افراد شہر کے مرکزی برنز ہاسپٹل میں ہلاک ہو گئے۔ سمنتا لال سین نے کہا کہ اب تک آگ کی وجہ سے مجموعی طور پر 45 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔’وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ ڈھاکہ کے مرکزی برن کلینک (آگ سے متاثر افراد کا خصوصی ہاسپٹل) میں تقریباً 40 افراد کو داخل کرایا گیا ہے اور اس میں سے شدید جھلسنے والے تمام 22 افراد کی حالت کافی تشویشناک ہے۔فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے بتایا کہ ڈھاکہ کے مشہور بیلی روڈ پر واقع عمارت کے گراؤنڈ فلور پر رات کے تقریباً دس بجے آگ لگی اور بہت تیزی سے پھیل گئی جس کی وجہ بالائی منزل کے لوگ اس میں پھنس گئے۔