عمارت میں دھماکہ ،آگ لگنے سے چھ افراد ہلاک

   

دی ہیگ: نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں ایک رہائشی عمارت میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی۔ بعض افراد کے ابھی تک ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ میں ہفتے کی صبح دھماکے کے بعد لگنے والی آگ سے منہدم ہونے والی رہائشی عمارت سے لاشیں نکالنے کا سلسہ جاری ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، اتوار اور پیر کی درمیانی شب ملبے سے ایک اور لاش نکالی گئی، جس کے بعد اس حادثے میں اموات کی مجموعی تعداد چھ ہوگئی۔ تاہم حکام نے مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ہلاک ہونے والے چھ میں سے چار افراد کی شناخت کی جا چکی ہے، جن میں پینتالیس اور اکتیس سال کے دو مرد، ایک اکتالیس سالہ خاتون اور سترہ سالہ لڑکی شامل ہیں۔ حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد ہسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکے کے وقت عمارت میں کتنے لوگ موجود تھے اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ مزید کتنے افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ آگ اتنی شدید تھی کہ بیشتر افراد کی لاشیں ناقابل شناخت ہو چکی تھیں، جس کے باعث ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا سہارا لیا گیا۔پولیس ابھی تک دھماکے کی وجہ کا تعین نہیں کر سکی۔ تاہم عوامی استغاثہ کے دفتر کے سربراہ نے اتوار کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تفتیش کاروں کو کچھ ایسے شواہد ملے ہیں جو اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ دھماکہ ممکنہ طور پر کسی مجرمانہ کارروائی کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔