عمانی پارلیمنٹ کی اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی مخالفت

   

مسقط : سلطنت عمان کی پارلیمنت نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی مخالفت کردی، عمانی پارلیمنٹ نے صہیونی ریاست سے تعلقات اور رابطوں پر پابندی کے قانون کو وسعت دینے کے لیے ایک ترمیم کے مسودے پر ووٹ دیا، جس کے باعث تل ابیب کی حکومت کو خطے میں تعلقات کو فروغ دینے کی اپنی امیدوں کے لیے بڑھتے ہوئے چیلنجوں کا سامنا ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق 86 رکنی مجلس شوریٰ یا مشاورتی اسمبلی نے اسرائیل کے بائیکاٹ کے قانون کی پہلی شق میں ترمیم کے حق میں ووٹ دیا جس میں نجی اور عوامی شخصیات کے لیے کسی بھی کھیل، ثقافتی یا اقتصادی رابطے کو شامل کیا جائے، یہ ترمیم خاص طور پر اسرائیلی آباد کاروں کے ساتھ ذاتی طور پر یا آن لائن بات چیت پر پابندی عائد کرتی ہے۔عمانی ڈبلیو اے ایف نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ اسمبلی کے نائب صدر یعقوب الحریثی نے کہا کہ متعدد قانون سازوں کی طرف سے تجویز کردہ یہ ترمیم صہیونی ریاست کے بائیکاٹ کو وسعت دے گی، یہ ترمیم اب حتمی ووٹنگ سے قبل مجلس قانون ساز کمیٹی کے ذریعے بحث کے لیے چلی جائے گی۔