عمان میں ثقافت اورکھیل کی وزارت کا قیام

,

   

مسقط۔سلطان عمان ہیثم بن طارق نے وزارتوں کی تنظیم نو کے لیے 28 شاہی فرمان جاری کیے ہیں۔بعض نئی وزارتیں قائم کی گئیں جبکہ کئی کو ایک دوسرے میں ضم کیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سلطنت عمان کی نئی حکومت میں بڑی تبدیلی یوسف بن علوی کی جگہ بدر البوسعیدی کا بحیثیت وزیر خارجہ تقرر ہے جبکہ سنٹرل بینک کا سربراہ تیمور بن اسعد بن طارق البوسعید کو بنادیا گیا ہے۔عمانی خبررساں ادارے کے مطابق سلطان ہیثم نے نئی وزارتوں میں ثقافت و کھیل اور نوجوانوں کی وزارت قائم کی ہے۔ اس کا وزیر اپنے بیٹے ذی یزن بن ہیثم بن طارق جبکہ وزارت انصاف اور وزارت قانونی امور کو ایک دوسرے میں ضم کرکے وزارت انصاف و قانونی امور کا نام دیا گیا ہے۔شاہی فرامین کے ذریعے وزارت محنت، وزارت اقتصاد اور وزارت نقل وحمل و مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی قائم کی گئی ہیں۔ سلطان ہیثم نے وزارت زراعت و آب و ماہی کا نام تبدیل کرکے وزارت زراعت و آبی وسائل و افزائش ماہی ، زراعت وآبی وسائل کی وزارت کردیا۔ وزارت آبادکاری کا نام تبدیل کرکے وزارت آبادکاری و منصوبہ بندی کردیا گیا۔ وزارت پٹرولیم و گیس کا نام تبدیل کرکے وزارت توانائی و معدنیات، وزارت تجارت و صنعت کا نام بدل کر وزارت تجارت و صنعت وسرمایہ کاری کردیا گیا۔ علاوہ ازیں اعلی تعلیم کی وزارت کو اعلی تعلیم سائنس ریسرچ اور جدت طرازی کی وزارت کا نام دے دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سلطان ہیثم جنوری میں برسراقتدار آنے کے بعد سے وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے انتظامی ڈھانچے میں مسلسل تبدیلیاں کررہے ہیں۔