عمان میں رات کاکرفیو ، لاک ڈاؤن کا اشارہ

   

عمان : خلیجی سلطنت عمان نے کووڈ۔19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافے کے بعد رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے اور اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اشارہ دیا ہے۔ عمانی حکومت کے اعلامیے کے مطابق 28 مارچ اتوار سے جمعرات 8 اپریل تک رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک تمام تجارتی سرگرمیاں بند رہیں گی۔اس کے علاوہ لوگوں اورگاڑیوں کی نقل وحرکت پر پابندی عائد رہے گی۔عمان نیوزایجنسی (او این اے) کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ یکم اپریل سے 31مئی تک کا عرصہ ملک میں’’انتہائی مشکل‘‘ ہوگا۔اس کے پیش نظرعْمان کی سپریم کمیٹی کورونا وائرس کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے یکم اپریل سے 31مئی تک ہر طرح کی نقل وحرکت پر مکمل پابندی عائد کرنے پر غور کررہی ہے۔عْمان میں 7 فروری کے بعد کورونا وائرس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔تب 192نئے کیسوں کی تشخیص کی گئی تھی اور جمعرات کو 733نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اس ننھی خلیجی سلطنت میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے کووڈ۔19 کے1650 مریض وفات پا چکے ہیںعْمان میں سرکاری اسکولوں کو 8اپریل کو کرفیو کے خاتمے تک آن لائن تدریسی عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔البتہ بارھویں جماعت کے طلبہ کی آن لائن اور بالمشافہ دونوں طرح کی کلاسیں ہوں گی۔