عمان میں یکم اکتوبر سے بین الاقوامی پروازیں بحال

   

مسقط ۔سلطنت عمان نے یکم اکتوبر2020 سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عمان نے مارچ میں بین الاقوامی پروازیں معطل کردی تھیں۔ عمانی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کی نگراں اعلٰی کمیٹی نے اجلاس میں یکم اکتوبر سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے طے کیا گیا ہے کہ پروازیں مرحلہ وار بحال کی جائیں گی۔ ان کی شروعات ایسے منازل سے کی جائے گی جہاں کورونا وبا کے مسائل قابو میں ہوں گے۔ علاوہ ازیں دیگر فضائی کمپنیوں کے ساتھ دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔ عمان میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے طور پر بین الاقوامی پروازیں معطل تھیں۔ عمانی حکام نے حالات کا جائزہ لے کر پروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔سلطنت عمان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 262 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔