عمان : سلطنت عمان میں محکمہ شہری ہوابازی نے کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ ہولڈرز پر سے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ یکم ستمبر 2021 سے ہر وہ مسافر جس کے پاس کووڈ ویکسین سرٹیفکیٹ ہوگا وہ سلطنت عمان آسکے گا۔سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے سلطنت عمان آمد کے لیے ممنوعہ ممالک کی فہرست ختم کردی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ عمان آنے والے ہر مسافر کو (کیو آر کوڈ) پر مشتمل کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا جس میں تحریر ہو کہ مسافر عمان میں منظور شدہ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکا ہے یا ایسی ویکسین کی ایک خوراک لے چکا ہے جس کی صرف ایک خوراک ہی سلطنت عمان میں مقرر ہے۔سرٹیفکیٹ میں یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ آخری خوراک پر 14 دن گزر چکے ہیں۔ سلطنت عمان کا کہنا ہے ہے کہ پی سی آر ٹسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنے والے مسافر ہوٹل قرنطینہ سے مستثنی ہوں گے۔انہیں پی سی آر سرٹیفکیٹ کیو آر کوڈ کے ساتھ دکھانا ہوگا۔یہ پابندی بھی ہے کہ پی سی آر ٹسٹ اور سلطنت عمان پہنچنے کے مقررہ وقت کے درمیان 96 گھنٹے سے زیادہ کا وقت نہ گزرا ہو۔ یہ ایسی پروازوں کیلئے ہے جن کا مجموعی دورانیہ 8 گھنٹے کا ہو۔سرٹیفکیٹ میں یہ وضاحت بھی لازمی ہے کہ ٹسٹ کے اجرا اور پرواز کے مقررہ وقت کے درمیان فرق 72 گھنٹے سے زیادہ کا نہ ہو۔ یہ پابندی ان پروازوں کے لیے ہے جن کا دورانیہ 8 گھنٹے سے کم ہو۔ اس وقت دنیا کے بیشتر ممالک اس قواعد پر عمل پیرا ہیں کہ دنیا کے کسی بھی حصہ سے آنے والے مسافر اگر کوویڈ کی دونوں خوراکیں لے چکے ہیں تو یہ نہ صرف مسافرین کیلئے بلکہ جس ملک کا وہ سفر کررہے ہیں وہاں کیلئے بھی نقصاندہ ثابت نہیں ہوگا۔