عمدۃ العارفین حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی ؒ

   

Ferty9 Clinic

مولوی محمد عتیق احمد انواری
سرزمین حیدرآباد دکن کو دارالاولیاء اور بیت الفقراء کا فخر حاصل ہے۔ ہزاروں معروف اور صاحب نسبت و صاحبِ حال و قال اہل اللہ اس شہر میں استراحت فرما رہے ہیں۔ انہی نفوس قدسیہ میں سلسلہ ابوالعلائیہ کی عظیم المرتبت شخصیت عارف کامل قطب دکن حضرت پیر شاہ محمد قاسم انصاری المعروف بہ حضرت شیخ جی حالی قبلہ ابوالعلائی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے روشن مینار عمدۃ العارفین حضرت علامہ الحاج حافظ پیر سید احمد علی شاہ المعروف بہ حضرت پیر جی قبلہ ابوالعلائی رحمتہ اللہ تعالی علیہ کا آستانہ مبارکہ بھی مرکز فیضان اورمرجع خلائق ہے۔ آپ کی ولادت با سعادت ۳ ؍ رمضان المبارک ۱۹۰۱؁ ء بروز جمعہ بوقت بعد نماز فجر بمقام حیدرآباد میں ہوئی۔ آپ کے والد بزرگوار کا اسم گرامی حضرت پیر سید نصیر الدین شاہ قادری ابوالعلائی ؒ ( جو کہ حضرت شیخ جی حالی قبلہ ابوالعلائی ؒ کے بھانجے و جانشین حضرت سید عمر علی شاہ ابوالعلائی ؒکے خلیفہ جانشین و داماد ہونے کی نسبت کے ساتھ حضرت شیخ جی حالی ؒ کے برادر حقیقی کے نواسے بھی ہوتے ہیں)۔ اور آپ کے فرزند و جانشین حضرت پیر جی قبلہ نجیب الطرفین سید ہے۔ والد بزرگوار سے تصوف و طریقت کی تعلیمات سے آراستہ ہونے کے ساتھ ساتھ آپ نے مدرسہ حفاظ مکہ مسجد چارمینار قرآن پاک کا حفظ تکمیل فرمایا اور خلعتِ سلطانی سے سرفراز ہوئےاور جامعہ نظامیہ سے علوم متوادلہ میں مہارت حاصل فرمائی۔ حضرت کا لحن اتنا شیریں اور موثر تھا کہ بادشاہ وقت جس بھی محفل میں رونق افروز ہوتے عقیدت و احترام سے آپ کی تلاوت قرآنی سے نشست کا آغاز کرتے۔آپ کی ریاضت و عبادت کا یہ معمول قابل دید تھا کہ آپ عالم شباب میں روزآنہ مکمل کلام اللہ کی تلاوت فرما تے تھے
آپ کے وعظ و نصیحت میں کمال کا عشق رسول اللہ ﷺ تھا۔ آپ کی زندگی توکل اور قناعت سے وابستہ رہی ۔ آپ نے حضرت شاہ کریم اللہ عاشق خواجہ علیہ الرحمہ کی حقیقی بڑی پوتری سے عقد فرمایا تھا۔ آپ کے صاحبزادوں میں جمیل البحر حضرت سید شاہ عثمان علی قادری ابوالعلائی المعروف بہ حاجی پاشاہ ؒ (جو کہ آپ کے جانشین ہوئے) اور حضرت سید شاہ نصیر الدین بسمل ابوالعلائی و دیگر شامل ہیں۔ آپ کا وصال ۱۶؍ رجب المرجب ۱۳۹۶؁ ہجری مطابق ۱۹۷۶؁ ء بروز جمعرات نماز مغرب حالت ِسجدہ میں ہوا ۔
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُوْنَ o