عمران خان نے بالی ووڈ فلم کا کلپ شیئر کرکے حذف کردیا

   

اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان عمران خان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کافی فعال رہتے ہیں اور اسی طرح وہ فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹس پر مختلف پوسٹس شیئر کرتے رہتے ہیں۔ یوں تو عمران خان انسٹاگرام پر اپنی روزمرہ سرگرمیوں پر مشتمل تصاویر و ویڈیوز، نوجوانوں کے لیے خصوصی پوسٹس شیئر کرتے ہیں یا کرکٹ کے دنوں کی یادیں تازہ کرتے ہیں۔لیکن گزشتہ ہفتے سے ملک کشیدہ صورتحال کا شکار رہا، کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج و مظاہروں، مذہبی جماعتوں کی پہیہ جام ہڑتال کے اعلان اور اپوزیشن کی جانب سے صورتحال کی ناکامی کا ملبہ حکومت پر ڈالنے کے بعد کل قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد جاکر صورتحال تھوڑی بہتر نظر آئی اور اس کے اثرات وزیراعظم کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز پر بھی نظر آئے۔بظاہر انہی حالات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر ایک بالی ووڈ فلم کا ویڈیو کلپ شیئر کیا۔ وزیراعظم نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’’شروع دن سے کرپٹ مافیاز حکومت کے خلاف ایسی منصوبہ بندی کررہی ہیں‘‘۔ عمران خان نے اپنی پوسٹ میں جو ویڈیو کلپ شیئر کیا تھا وہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی فلم ’انقلاب‘ کا تھا جو 1984 ء میں ریلیز ہوئی تھی۔شیئر کیے گئے ویڈیو کلپ میں سیاسی جماعت کی جانب سے حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرکے ان کا تختہ الٹنے اور خود اقتدار میں آنے کی منصوبہ بندی ہوتی دکھائی گئی ہے۔ویڈیو میں بالی ووڈ اداکار قادر خان کہتے ہیں ’’ایسا کسی کتاب میں نہیں لکھا کہ جو سرکار برسوں سے چل رہی ہو اسے ہمیشہ چلنا چاہیے، ہمیں بھی اس ملک میں سرکار بنانے کا پورا حق ہے جو ہم حاصل کرکے رہیں گے‘‘۔وہ کہتے ہیں کہ ہمیں اس کے لیے الیکشن جیتنا ہوگا اور جیتنے کے لیے ووٹ حاصل کرنے ہوں گے اور ووٹ کے لیے عوام کا بھروسہ جیتنا ہوگا جس کے لیے ہمیں عوام کا بھروسہ سرکار پر سے ہٹانا ہوگا۔فلم کے ویڈیو کلپ میں قادر خان کہتے ہیں کہ ہمیں ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا کہ لوگ اس سرکار کو نکمی، ناکارہ اور بیکار سمجھ کر کسی اور جماعت کو کرسی پر بٹھانے پر مجبور ہوجائے۔ویڈیو میں قادر خان کو کہتے ہوئے دکھایا گیا کہ ’’اس لیے ہمیں چاروں طرف بے چینی اور خوف کا ماحول پیدا کرنا ہوگا، ہر صوبے، شہر اور گاؤں میں ڈکیتی اور فساد کروانے ہوں گے، جیسا کہ مذہبی اور فرقہ وارانہ فسادات کہ لوگ گھبرا جائیں، سرکار کو کچھ سمجھ نہ آئے اور پولیس کچھ نہ کرپائے‘‘۔ویڈیو کلپ میں مزید کہا گیا کہ ’’اور جب ملک دہشت اور ظلم کی آگ میں جل رہا ہوگا تو ہم اپنے گھروں سے نکل کر اسٹیج پر کھڑے ہوکر سرکار کی برائیاں شروع کردیں گے اور ساتھ میں عوام کو احساس دلائیں گے کہ اگر انہیں کوئی اس سب سے بچاسکتا ہے تو وہ ہم ہیں اور ہماری جماعت اور اس کی بنائی ہوئی سرکار ہے‘‘۔