عمران خان کا ایران ،سعودی عرب کا دورہ متوقع : دفترخارجہ

,

   

اسلام آباد ۔ 10 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایران اور سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔جمعرات کو اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے متوقع دورے میں پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ امریکہ اور چین کے تناظر میں سعودی عرب اور ایران کے دورے سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا وہ اس پر مزید کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے۔پاکستان کے ذرائع ابلاغ میں گزشتہ دنوں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے دونوں ممالک کا دورہ کریں گے۔گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے لیے امریکہ میں موجودگی کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی تھی۔ عمران خان نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ نے بھی انہیں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کروانے کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے نیو یارک میں ایران کے صدر حسن روحانی سے بھی ملاقات کی تھی۔ جب کہ امریکہ روانگی سے قبل عمران خان نے سعودی عرب کا بھی دورہ کیا تھا۔گزشتہ ماہ سعودی عرب کی سب سے بڑی آئل ریفائنری ‘آرامکو’ کی دو تنصیبات پر حوثی باغیوں نے ڈرون حملے کیے تھے۔ جن سے ان تنصیبات کو نقصان پہنچا تھا۔ امریکہ اور سعودی عرب نے ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا تھا۔ تاہم ایران نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا۔