واشنگٹن۔27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک ایڈوکیسی گروپ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے ان سے درخواست کی ہے کہ موصوف کھوکھرا پار۔ منابائو سرحد کو کھول دیں تاکہ پاکستان سے درگاہ ا جمیر شریف اور بلوچستان میں واقع ہنگلاج مندر کو ہندوستان سے آنے والے زائرین کو سہولت ہوجائے۔ وائس آف کراچی کے سربراہ ندیم نصرت نے مسٹر خان کے نام تحریر کردہ مکتوب کا آغاز سب سے پہلے انہیں کرتارپور راہداری کھولنے پر مبارکباد سے کیا۔ ندیم نصرت نے کہا کہ آپ نے (عمران) کرتارپور راہداری کھول کر بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے اور اب ہم لاکھوں مسلمانوں اور ہندوئوں کی جانب سے یہ درخواست کرتے ہیں کہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ پر آنے والے پاکستانی زائرین اور ہندوستان سے بلوچستان میں واقع ہنگلاج دیوی کے مندر آنے والوں کے لیے کھوکھرا پار۔ منابائو سرحد کو بھی کھول دیا جائے۔ مکتوب کی تاریخ 25 نومبر درج ہے جس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 1947ء میں تقسیم ہند کے بعد دونوں ممالک کے مسلمانوں ا ور ہندوئوں کو ان کے مقامات مقدسہ پر حاضری دینے کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔