عمران خان کی رہائش گاہ سے مزید 5 کلاشنکوف اور گولیاں برآمد

   

اسلام آباد : پولیس عمران خان کی رہائش گاہ سے چلی گئی، زمان پارک سے پی ٹی آئی کے 40 کارکن گرفتار کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ سے مزید 5 کلاشنکوف اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے اسلام آباد روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد لاہور میں پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کیا تھا۔ پولیس گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر میں داخل ہو گئی، پولیس نے کرین کے ذریعہ عمران خان کے گھر کا دروازہ توڑا۔ پولیس نے عمران خان کی رہائشگاہ کے عقبی حصے کے ایک کمرے کی تلاشی بھی لی۔ پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ عمران خان کے گھر کیاندر سے فائرنگ ہوئی ہے۔ زمان پارک میں آپریشن کے دوران 1 پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جس کے بعد پولیس کی مزید نفری بھی پہنچ گئی ہے۔ پولیس نے زمان پارک کے باہر لگے کیمپوں کو ہٹانا شروع کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی بھاری نفری زمان پاک پہنچ گئی جبکہ قیدیوں کو لے جانے والی وین اور واٹر کینن کو کینال روڈ پر پہنچا دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق زمان پارک میں کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق زمان پارک میں عمران خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد ڈنڈا بردار کارکنان موجود ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارکنان زمان پارک میں واقع گراؤنڈ اور عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب کیمپوں میں موجود ہیں۔