عمرکالونی بابا نگر کے متاثرین میں 5لاکھ روپئے مالیتی سامان کی تقسیم

   

Ferty9 Clinic


نئے کاروبار شروع کرنے مدد ، سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کا مثالی اقدام

حیدرآباد : دین اسلام میں انسانیت کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی ۔ خدمت خلق کی بار بار تاکید کی گئی ، لوگو ں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے ۔ مصیبت زدگان کی مدد ان کے ساتھ صلہ رحمی ، ایثار و خلوص جیسے اعمال کو پسند کیا گیا ہے ۔ بھوکوں کو کھانا کھلانے اور ننگوں کو کپڑے پہنانے جیسے عمل کو بہت بڑی عبادت قرار دیا گیا اور جہاں تک دوسروں کی مدد اور ان سے ہمدردی کا سوال ہے اس سلسلہ میں مذہب ، ذات پات ، رنگ و نسل علاقہ اور قبیلہ خاندان کو نہیں دیکھا جاتا ۔ دین اسلام کی ان ہی تعلیمات پر آج سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ عمل کررہے ہیں ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان اور سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کی قیادت میں یہ دونوں ادارے پریشان حال انسانوں کی مدد کا ذریعہ بنے ہیں اور اللہ عزوجل کی اس عطا پر جتنا شکر کیا جائے کم ہے ۔ بہرحال اتوار کو سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ کے وفود نے جناب افتخار حسین کی قیادت میں عمر کالونی بابا نگر کے متاثرین میں 5 لاکھ روپئے مالیتی سامان تقسیم کیا ۔ اس سلسلہ میں فرح ہائی اسکول عمر کالونی بابا نگر میں ایک تقریب منعقد ہوئی ، جہاں کم از کم 25 متاثرہ خاندانوں میں مختلف تجارتی سامان کی تقسیم عمل میں آئی جس کا مقصد ان لوگوں کی بازآبادکاری تھا ۔ مثال کے طور پر ایک خاتون کو تین سائیکلیں فراہم کی گئیں جسے وہ کرایہ پر دے کر اپنے لئے آمدنی کا ذریعہ بناسکتی ہے ۔ دوسری طرف 9 خواتین کو سلائی مشینیں دی گئیں ، چار متاثرین میں ٹھیلہ بنڈیاں تقسیم کی گئیں اور اس کیلئے پھل ، پیاز ، ادرک لہسن اور پلاسٹک کے سامان سے بنڈیاں لدی گئیں ۔ امید ہے کہ یہ لوگ اس سامان کی فروخت کے ذریعہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوجائیں گے ۔ اسی تقریب میں 3 خواتین کو زنانہ و بچکانہ ملبوسات دیئے گئے تاکہ ملبوسات کا کاروبار کرکے اپنے خاندان کی مدد کرسکیں ۔ ایک صاحب کی عطر کے کاروبار میں مدد کی گئی ایک اور صاحب کو کرانہ اسٹور کا سامان دلایا گیا ۔ دو حضرات نے اسٹیشنری سامان دلانے کی خواہش کی تھی انہیں اسٹیشنری کا سامان خرید کر دیا گیا ۔ ایک متاثرہ شخص کیلئے پانی پوری کے اسٹال کا انتظام کیا گیا جبکہ تلن کا ساز و سامان چولہا اور مکمل مٹیریل ایک ضرورتمند کے حوالے کیا گیا تاکہ وہ کاروبار شروع کرسکیں ۔ ایک خاندان کو جو طوفانی بارش نے تباہ کردیا تھا انہیں گھر کیلئے مختلف سامانوں پر مشتمل کٹ دی گئی جس میں گیس اسٹو شامل تھا ۔ گرم مسالحہ کے پیاکٹس فروخت کرنے والے ایک صاحب کو سامان فراہم کرکے مدد کی گئی ۔ ایک متاثرہ کو ٹیلرنگ مٹیریل کا کاؤنٹر دیا گیا ، ان کی مشنیں درست کروائی گئیں ۔ ایک صاحب کو وائینڈنگ مشین بناکر دی گئی ۔ اس موقع پر ٹرسٹی فیض عام ٹرسٹ ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، جناب رضوان حیدر ، بورڈ ممبر سید حیدر علی پرنسپل فرح ہائی اسکول جناب عثمان اور منیجنگ ایڈیٹر سیاست جناب ظہیر الدین علی خان بھی موجود تھے ۔ محمد اعظم ، سید عبدالستار ، شیخ اکرم اور مکرم جیسے والینٹرس کی ستائش کی گئی ۔ اپنے خطاب میں جناب افتخار حسین ، ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، جناب رضوان حیدر اور سید حیدر علی کا کہنا تھا کہ سیلابی بارش نے شہر کے مختلف علاقوں کو بہت نقصان پہنچایا ، بے شمار خاندان تباہ ہوگئے ۔ ایسے میں سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ نے ان کی مدد کا بیڑہ اٹھایا اور اب تک اس طرح کے 8 پروگرامس کا انعقاد عمل میں آیا ہے ۔ جناب افتخار حسین اور جناب ظہیر الدین علی خان کے مطابق تقریباً 4 دہو ں سے فرح ہائی اسکول کام کررہا ہے ۔ مقامی خواتین کی مدد کیلئے اسکول میں ٹیلرنگ سنٹر شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے خاص طور پر والدین سے درخواست کی کہ وہ بچوں کو تعلیم دلائیں کیونکہ تعلیم ہی کسی قوم کو ترقی اور خوشحالی سے ہمکنار کرتی ہے ۔ بعد میں وفد نے عثمان نگر کا دورہ کیا اور وہاں کے مکینوں کی بازآبادکاری کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا اعلان کیا ۔