عمرہ سیزن کا آغاز،ملکی و غیر ملکی عازمین کی آمد

   

ریاض۔ (کے این واصف) سعودی شہری، مقیم غیر ملکی اور بیرون ممالک سے آنے والوں کے لئے عمرہ سیزن کا آغاز ہوچکا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ سعودی شہری، مقیم غیرملکی اور بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین ’اعتمرنا ایپ‘ کے ذریعے پرمٹ جاری کراسکتے ہیں۔ نئے عمرہ سیزن میں بھی اعتمرنا ایپ کے ذریعے ہی عمرہ پرمٹ جاری کرایا جاسکے گا۔ وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا ہے کہ بیرون مملکت سے عمرے کے خواہشمند حضرات کو15 ذی الحجہ 1443ھ مطابق 14 جولائی 2022 سے عمرہ ویزہ کی کارروائی کی اجازت دے دی گئی ہے البتہ انہیں یکم محرم 1444ھ مطابق 30 جولائی سے مملکت آنے کی اجازت ہوگی۔ اندرون مملکت سے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو منگل 19 جولائی 2022 سے عمرہ پرمٹ جاری کرانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔